
تل ابیب : اسرائیل پر حماس کے حملے کی تحقیقات کرنیوالے غیر سرکاری کمیشن نے صیہونی قیادت کے تکبر کو ذمہ دار قرار دیا ہے۔ سات اکتوبر حملے میں بچ جانیوالے افراد کے قائم کردہ کمیشن نے اپنی تحقیقاتی رپورٹ جاری کردی۔ رپورٹ میں اسرائیلی وزیر اعظم اور سیکورٹی اسٹیبلشمنٹ کو اس مہلک دراندازی کا اندازہ لگانے یا تیاری کرنے میں ناکامی پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ کمیشن نے قرار دیا ہے کہ نیتن یاہو کی قیادت میں اسرائیلی رہنماؤں کے تکبر اور چشم پوشی شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں براہ راست ناکامی کا باعث بنی۔ اسرائیل کے ہاریٹز اخبار کی رپورٹ کے مطابق 70 صفحات پر مشتمل رپورٹ میں نیتن یاہو کے ساتھ ساتھ سابق وزرائے اعظم، پولیس۔ فوجی رہنماؤں اور داخلی سلامتی کی ایجنسی شن بیٹ پر الزام لگایا گیا ہے۔ تل ابیب کی ضلعی عدالت کی سابق جج وردا الشیچ کی سربراہی میں یہ انکوائری کئی مہینوں تک جاری رہی۔


































