
غزہ : صیہونی فوج کے غزہ پر حملے جاری ہیں۔ حملوں کے دوران مزید گیارہ فلسطینی شہید ہوگئے۔ صیہونی فوج نے ڈرونز سے جبالیہ ۔ دیرالبلاح اور دیگر مقامات پر میزائل داغے۔ جبکہ توپ خانے کا بھی وحشیانہ استعمال کیا۔ حملے میں کئی مکانات تباہ ہوگئے۔ حملوں میں مزید گیارہ فلسطینی شہید اور کئی زخمی ہوئے جس میں بیشتر خواتین اور بچے ہیں۔
ادھر گذشتہ روز نصیرات کیمپ پر مہلک حملے کے مزید دو زخمی دم توڑ گئے۔ جس سے شہدا کی تعداد بائیس ہوگئی ہے۔ ادھر غزہ میں جنگ میں نو گھنٹوں کے عارضی وقفے کے دوران آج سے انسداد پولیو مہم شروع ہوگئی ہے۔ تین روزہ مہم کے دوران چھ لاکھ چالیس ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ صیہونی فوج انسداد پولیو مہم کے دوران صبح چھ بجے سے سہ پہر تین بجے تک حملے نہیں کرے گی۔ عالمی ادارہ صحت نے دس سال تک کے والدین سے بچوں کو ہنگامی خوراک حاصل کرنے کے لیے قریب ترین ویکسینیشن پوائنٹ پر لانے کی اپیل کی ہے۔ گذشتہ روز اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے فلسطینی پناہ گزین انروا نے خبردار کیا تھا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران فوجی آپریشن کے تباہ کن نتائج نکلیں گے۔


































