
جنیوا: اقوام متحدہ میں ایٹمی عدم پھیلاؤ کے معاہدے کے نفاذ سے متعلق کانفرنس میں ایران کو بھی نائب صدر منتخب کر لیا گیا۔ ایران کے نائب صدر منتخب ہونے پر امریکا کی جانب سے شدید اختلاف سامنے آیا، اور اس موقع پر امریکا اور ایرانی مندوبین کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ امریکی نمائندے کرسٹوفر نے کہا کہ ایران کا انتخاب ایٹمی عدم پھیلاؤ کے معاہدے کی توہین ہے۔ ایران کے نمائندے رضا نجفی نے امریکی مندوب کے بیان کو بے بنیاد اور سیاسی نقطہ نظر کی ترجمانی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکا دنیا کی واحد ریاست ہے جو ایٹمی ہتھیار استعمال کر چکی ہے اور اب ایٹمی عدم پھیلاؤ کے نفاذ کے لیے ثالث بھی بننا چاہتی ہے۔


































