
اسلام آباد : عالمی رہنماؤں نے بھی پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان پر قاتلانہ حملے کی مذمت کردی اور عمران خان کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے کہا ہے کہ عمران خان کی ریلی میں فائرنگ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ تمام سیاسی جماعتوں کو پرامن رہنما چاہئے، سیاست میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں۔ کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بھی عمران خان پر حملہ ناقابل قبول قرار دیا۔ برطانوی وزیرخارجہ جیمز کلیورلی کا کہنا ہے کہ عمران خان پر حملہ افسوسناک ہے۔ سیاست میں تشدد کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ لندن کے میئر صادق خان نے کہا کہ جمہوریت صرف تب چل سکتی ہے جب ہتھیار نہیں الفاظ استعمال کریں۔ برطانوی رکن پارلیمنٹ ناز شاہ نے اپنے ردعمل میں لکھا کہ میں فائرنگ پر پریشان اور عمران خان کی جلد صحتیابی کی خواہشمند ہوں۔ برطانیہ کے وزیر مملکت لارڈ زیک گولڈ اسمتھ نے کہا کہ عمران خان مضبوط ہیں اور جلد اپنے پیروں پر کھڑے ہوں گے۔ سعودی وزارت خارجہ اور متحدہ عرب امارات نےجاری بیان میں سابق وزیراعظم عمران خان پر قاتلانہ حملےکی سخت الفاظ میں مذمت کی اور پاکستانی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ ترجمان اسلامی تعاون تنظیم نے بھی واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے عمران خان اور دیگر زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلیے دعا کی۔ ترجمان وائٹ ہاؤس، پاکستان میں جرمنی کے سفیر، مقبوضہ کشمیر کی سابق وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی، نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی سمیت کئی ممالک کے سیاسی رہنماؤں نے بھی عمران خان پر قاتلانہ حملے کیخلاف مذمتی بیان جاری کئے ہیں۔


































