رپورٹ: ایم عابدی
افغان طالبان نے عارضی حکومت تشکیل دیتے ہوئے وزراء اور کابینہ اراکین کے ناموں کا اعلان کر دیا، جس کے مطابق سربراہ محمد احسن اخوند کو منتخب کیا گیا ہے۔ کابل میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ذبیح اللہ مجاہد نے نئی حکومت کی تشکیل اور وزراء کے ناموں کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ نئی حکومت کے سربراہ محمد احسن اخوند ہوں گے جبکہ ملا عبدالغنی برادر کو معاون سرپرست ریاست اور وزراء کا عہدہ دیا گیا ہے، اسی طرح مولوی محمد یعقوب مجاہد وزیر دفاع، سراج حقانی کو وزیر داخلہ تعینات کیا گیا ہے۔ ذبیح اللہ مجاہد کے مطابق مولوی ملا ہدایت اللہ وزیر ماحولیات، ملا خیر اللہ وزیر اطلاعات ہوں گے، ملا امیر خان متقی وزیر خارجہ، شیخ نور اللہ منیر سرپرست وزارت معارف، قاری دین محمد وزیر اقتصادی امور ہوں گے۔
ملا محمد حسن اخوند کون ہیں؟
افغان طالبان کی جانب سے نامزد عبوری سربراہ ملا محمد حسن اخوند طالبان کی طاقتور رہبر شوریٰ کے بھی سربراہ ہیں، ان کا تعلق قندھار سے ہے، جہاں طالبان کی بنیاد پڑی تھی، ملا محمد حسن طالبان کے بانیوں میں شمار ہوتے ہیں، وہ بیس سال تک طالبان کی رہبری شوریٰ کے سربراہ رہے ہیں اور ایک مذہبی اسکالر ہیں۔ نئے سربراہ نے طالبان کے موجودہ امیر ملا ہیبت اللہ کے ساتھ 20 سال تک کام کیا ہے، وہ پچھلی طالبان حکومت میں وزیر خارجہ بھی رہ چکے ہیں۔ ملا محمد حسن اگست 1999ء میں بطور وزیر خارجہ پاکستان کا دورہ بھی کرچکے ہیں، جہاں انہوں نے اُس وقت کے وزیراعظم نواز شریف سے بھی ملاقات کی تھی۔
ملا عبدالغنی برادر
ملا عبدالغنی برادر کا شمار طالبان تحریک کے سرکردہ رہنماؤں اور ملا عمر کے انتہائی اہم اور قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے، ملا برادر طالبان شوریٰ کے اہم رکن اور ملا محمد عمر کے نائب کے طور پر جانے جاتے تھے، ان کا تعلق بنیادی طور پر افغانستان کے جنوبی ضلع اورزگان سے بتایا جاتا ہے۔ ملا عبدالغنی برادر 1968ء میں پیدا ہوئے، ابھی ان کی طالب علمی کا زمانہ تھا کہ اس دوران افغانستان میں سابق سوویت یونین کی افواج کے داخلے کے ساتھ جنگ چھڑ گئی، ملا عبدالغنی برادر اپنے اہل خانہ سمیت پاکستان ہجرت کرکے کوئٹہ کے قریب واقع کچلاک میں رہائش پذیر ہوگئے۔
ملا برادر سنہ 2010ء میں پاکستان میں اپنی گرفتاری سے قبل ناصرف طالبان کی قیادت میں دوسرے نمبر پر تھے بلکہ طالبان کی پہلی حکومت اور پھر امریکہ کے خلاف جنگی حکمت عملی کے ماسٹر مائنڈ بھی سمجھے جاتے ہیں۔ ملا بردار نے رہائی کے بعد مذاکراتی اور سفارت کاری کی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلاء کے طالبان کے بنیادی مطالبے کو منوانے میں کامیابی حاصل کی تھی، اسی کی بدولت طالبان کابل پر قبضہ کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔
وزیر دفاع ملا محمد یعقوب
طالبان کے بانی امیر ملا عمر کے صاحبزادے ملا یعقوب کو بھی وزیر دفاع کا اہم ترین عہدہ دیا گیا ہے، ملا یعقوب طالبان کے موجودہ امیر ملا ہبت اللہ کے شاگرد رہے ہیں۔
سراج الدین حقانی وزیر داخلہ
طالبان کے مشہور حقانی نیٹ ورک کے موجودہ سربراہ سراج حقانی کو وزارت داخلہ کا اہم عہدہ دیا گیا ہے، سراج الدین حقانی طالبان کے امیر ملا ہیبت اللہ کے دو نائبین میں سے ایک ہیں، حقانی نیٹ ورک پر افغان جنگ کے دوران امریکا کی جانب سے پابندیاں لگائی گئی تھیں اور اب بھی سراج الدین حقانی کی گرفتاری کے لئے مدد دینے پر امریکہ کی جانب سے پچاس لاکھ ڈالر کا انعام رکھا گیا ہے۔ ایف بی آئی کی ویب سائٹ کے مطابق حقانی 2008ء میں ہونے والے کابل ہوٹل حملے کے لئے مطلوب ہیں، جس میں امریکی شہری سمیت چھ افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
حقانی نیٹ ورک پر امریکا کی جانب سے القاعدہ کی مدد کا الزام بھی عائد کیا جاتا ہے، اسے جلال الدین حقانی نے اسی کی دہائی میں سابق سوویت یونین کے خلاف مسلح جدوجہد کے لئے قائم کیا تھا۔ 1996ء میں طالبان حکومت کے قیام کے باجود حقانی نیٹ ورک نے اپنی شناخت برقرار رکھی تھی۔ جلال الدین حقانی 2018ء میں انتقال کر گئے تھے، مگر ان کی وفات سے قبل ہی حقانی نیٹ ورک کی سربراہی سراج الدین حقانی کو سپرد کر دی گئی تھی۔ سراج حقانی کے چچا خلیل حقانی بھی نئی کابینہ میں مہاجرین کے وزیر مقرر کئے گئے ہیں، سراج حقانی کے بھائی انس حقانی بھی سینیئر طالبان رہنماء ہیں۔
وزیر خارجہ ملا امیر خان متقی
امیر خان متقی افغان سیاست دان اور تحریک اسلامی طالبان کے رہنماؤں میں سے ہیں، انہوں نے افغانستان کے اہم سیاسی اور انتظامی شعبوں میں کام کیا ہے۔ امیر خان متقی نے 1994ء میں طالبان میں شمولیت اختیار کی۔ طالبان کی جانب سے قندھار شہر پر کنٹرول حاصل ہونے کے کچھ عرصے بعد مولوی امیر خان متقی کو طالبان کی ہائی کونسل کی رکنیت کے ساتھ ساتھ 1994ء میں قندھار ریڈیو کی ذمہ داری بھی دے دی گئی۔ امیر خان متقی جولائی 1994ء میں صوبہ قندہار کے شعبہ اطلاعات و ثقافت کے سربراہ متعین ہوئے۔ امیر خان متقی امریکی جارحیت کے بعد کئی سال تک طالبان کے کمیشن برائے اطلاعات و ثقافت کے سربراہ رہے۔ انہوں نے افغانستان پر امریکی جارحیت کے خلاف کام کرنے والے بہت سے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا نیٹ ورک فعال کئے۔ اس کے ساتھ ساتھ امریکا کے ساتھ مذاکرات کرنے والی ٹیم کے رکن بھی متعین ہوئے۔ انہیں بین الافغان مذاکرات کے لیے طالبان کی جانب سے متعین مذاکراتی ٹیم کی رکنیت بھی دی گئی۔
عباس ستانکزئی نائب وزیر خارجہ
عباس ستانکزئی دوحہ، قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے موجودہ سربراہ ہیں۔ افغانستان میں طالبان کی 1996–2001ء کی حکمرانی کے دوران ستانکزئی وزیر خارجہ وکیل احمد متوکل کے ماتحت اور بعد میں نائب وزیر صحت برائے صحت کے تحت نائب وزیر برائے امور خارجہ کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہے۔ وہ اکثر غیر ملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے تھے، کیونکہ وہ انگریزی اچھی طرح سے بولتے ہیں۔ 1996ء میں ستانکزئی نے بطور قائم مقام وزیر خارجہ واشنگٹن ڈی سی کا سفر کیا، انہوں نے کلنٹن انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ طالبان کے زیر اقتدار افغانستان میں سفارتی منظوری دے۔ ستانکزئی جنوری 2012ء میں طالبان کا سیاسی دفتر کھولنے کی سہولت کے لئے قطر پہنچے تھے۔ ستانکزئی کو طیب آغا کی جگہ قطر میں سیاسی دفتر کا قائم مقام سربراہ مقرر کیا گیا۔ 7 سے 10 اگست 2018ء تک ستانکزئی نے ازبکستان میں طالبان عہدیداروں کے ایک وفد کی قیادت کی۔
ذبیح اللہ مجاہد وزیر اطلاعات
ذبیح اللہ مجاہد طالبان کے دو باضابطہ ترجمانوں میں سے ایک ہیں، دوسرے قاری یوسف احمدی ہیں۔ ذبیح اللہ زیادہ تر مشرقی، شمالی اور وسطی افغانستان میں طالبان سرگرمیوں کے متعلق تبصرہ کرتے ہیں جبکہ یوسف احمدی مغربی اور جنوبی خطوں پر بات کرتے ہیں۔ وہ باقاعدہ طور پر افغان صحافیوں سے گفتگو کرتے ہیں اور بذریعہ موبائل کال، پیغامات، ای میل، ٹیوٹر اور دیگر ویب سائٹوں پر شائع کرکے طالبان کی طرف سے بات کرتے ہیں۔ ذبیح اللہ کو جنوری 2007ء میں طالبان ترجمان محمد حنیف کی گرفتاری کے بعد مقرر کیا گیا تھا۔
































