
اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کوئی مذہب دہشتگردی کی اجازت نہیں دیتا، دنیا بھر میں اسلامو فوبیا کے ذمہ دار ہم نہیں ہیں، مغرب میں تھنک ٹینکس کہتے تھے پاکستان خطرناک ملک ہے، ہمارے ملک کی بہتر انداز میں ترجمانی نہیں کی گئی، کوئی بھی شخص آسانی سے پاکستان کے اچھے اور برے ہونے کی رائے دے دیتا ہے، اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹیٹیوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان نے 80 ہزار جانوں کی قربانی دی ہے، ہمیں اپنے ملک کی دفاع کے لیے بہتر انداز میں موقف اپنانے کی ضرورت ہے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ کوئی بھی ملک محفوظ نہیں ہوسکتا جہاں چھوٹا سا طبقہ امیر ہوتا جائے اور باقی لوگ پیچھے رہ جائیں، وہ بھی ملک محفوظ نہیں ہوتا جہاں ایک علاقہ، یا دو تین شہروں میں ترقی ہو لیکن باقی ملک یا صوبہ پیچھے رہ جائے، انتشار کی یہی وجہ ہوتی ہے، ناانصافی اور غیر مساوی ترقی کی وجہ سے لوگ کھڑے ہوجاتے ہیں۔


































