
تل ابیب : جنگی صورتحال کے باعث اسرائیل کا فوجی بحران شدت اختیار کر گیا۔ صیہونی آرمی چیف ایال زامیر نے کہا ہے کہ فوج کو فوری طور پر مزید فوجیوں کی ضرورت ہے۔ اسرائیلی اخبار کے مطابق ایال زامیر نے پارلیمنٹ کی خارجہ امور و سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کہا کہ اسرائیلی فوج اس وقت کئی محاذوں پر سرگرم ہے اور دشمن کو شکست دینے کے لیے فوری طور پر اضافی فوجیوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی توجہ سیاسی یا قانون سازی کے عمل کے بجائے جنگی محاذوں پر مرکوز ہے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان ایفی ڈیفرین کے مطابق فوج کو تقریباً پندرہ ہزار مزید اہلکار درکار ہیں جن میں سات سے آٹھ ہزار جنگی سپاہی شامل ہیں۔ اسرائیل میں حریدی برادری آبادی کا تقریباً تیرہ فیصد ہے اور یہ افراد فوجی خدمت کے بجائے مذہبی تعلیم اور تورات کے مطالعے کے لیے وقف رہتے ہیں۔


































