
بریلی : ہندوستان کی ریاست اترپردیش کے شہر بریلی میں اسکول میں علامہ اقبال کی نظم پڑھانے پر ٹیچر اور پرنسپل کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔ بریلی کے فریدپور کے اسکول کیخلاف شکایت ہندوتوا وشواہندوپریشد کی صدر سمپال راٹھورنے درج کرائی تھی۔ انہوں نے الزام لگایا تھا کہ اسکول میں مدرسے کی دعائیں پڑھانے سے ہندو برادری کے جذبات مجروح ہوئےہیں۔ اسکول میں تبدیلی مذہب کی کوشش بھی کی جارہی ہے۔ اس شکایت پر اسکول پرنسپل ناہید صدیقی اور ٹیچر وزیرالدین کیخلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی۔ محکمہ تعلیم نے ناہید صدیقی کو معطل کردیا ہے جبکہ وزیرالدین کے خلاف تحقیقات کا حکم دیاہے۔ واضح رہے کہ اسکول میں دوران اسسمبلی علامہ اقبال کی نظم لب پہ آتی ہے دعا پڑھائی جارہی تھی۔


































