
ماسکو: روسی صدر پیوٹن نے روس کے منجمد اثاثوں پر جی سیون کے معاہدے کو چوری قرار دیا ہے۔ روسی صدر نے یوکرین کو پچاس ارب ڈالر کا قرض دینے کے لیے منجمد روسی اثاثوں کو استعمال کرنے کی مذمت کی اور کہا کہ مغرب کی تمام تر چالوں کے باوجود چوری اب بھی چوری ہے۔ اور مجرم سزا سے بچ نہیں سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماسکو کیساتھ کیا گیا سلوک اس بات کا ثبوت ہے کہ اگلا کوئی بھی ہوسکتا ہے اور اسے اثاثے منجمد کر کے سزا دی جا سکتی ہے۔
واضح رہے کہ جی سیون ممالک نے یوکرین کو روس کے خلاف جنگ میں مدد کےلیے 50 ارب ڈالر قرض دینے کا اعلان کیا اور کہاکہ قرض کی رقم روس کے منجمد اثاثوں سے حاصل ہونے والی آمدنی اور سود کی رقم سے دی جائے گی۔


































