
بغداد : عراقی وزیر دفاع ثابت العباسی نے کہاہے کہ عراق سے امریکی انخلاء 2026 میں مکمل ہو جائے گا۔عراقی اور امریکی فریقوں کے درمیان اعلیٰ عسکری کمیٹیوں نے دو سال کے عرصے میں اتحادی افواج کے انخلا، سکیورٹی شراکت داری اور تعلقات کو پائیدار بنانے پر اتفاق کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی مشن کو دو مرحلوں میں ختم کرنے پر اتفاق ہوا ہے ۔ پہلا مرحلہ اس سال شروع ہو کر 2025 تک جاری رہے گا اور دوسرا مرحلہ 2026 میں ختم ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہاتھا کہ دو سال کی مدت انخلا کے لیے کافی نہیں ہے۔ انہوں نے مزید ایک سال کے اضافے کی درخواست کی لیکن بغداد نے توسیع سے انکار کردیا۔ انہوں نے وضاحت کی کہ امریکی انتخابات کی وجہ سے دستبرداری کا اعلان ملتوی کیا گیا تھا۔


































