
تہران : ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے کہا ہے کہ امریکی توسیع پسندی قبول نہیں کریں گے اور وائٹ ہاؤس اگر حقیقت پسندی کا مظاہرہ کرتا ہے تو سمجھوتہ طے پا سکتا ہے. وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان نے مزید کہا کہ پابندیوں کے خاتمے کے لیے ویانا مذاکرات کے عمل میں اگر کوئی وقفہ ہے تو اس کی وجہ امریکی زور زبردستی ہے اور ہم اپنی ریڈ لائنوں کو ہرگز عبور نہیں کریں گے ۔ اب تک تمام فریقوں کی جانب سے ویانا مذاکرات میں پیشرفت اور اختلافی مسائل کم ہونے کا دعویٰ کیا جا تا رہا ہے مگر ضمانتوں کا مسئلہ اور پابندیوں کی فہرست سے ایرانی شخصیات اور کمپنیوں کو مستثنیٰ کرنے اور اسی طرح ایسے مسائل کو حل کرنے میں جو امریکا نے ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی کر کے پیدا کئے ہیں واشنگٹن کی جانب سے کوئی فیصلہ اور اقدام نہیں کیا گیا ہے۔


































