
واشنگٹن: ٹرمپ انتظامیہ نے عمان پر ایران سے سفارتی تعلقات ختم کرنے اور اپنی غیرجانبدار خارجہ پالیسی ترک کرنے کے لیے دباؤ بڑھا دیا ہے۔ وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق امریکا اور بعض عرب حکام کا کہنا ہے کہ واشنگٹن اب ایران کے حوالے سے عمان کی پالیسی کو اپنے مفادات کے خلاف تصور کر رہا ہے۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ نے عمان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ تہران کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرے اور اپنی روایتی غیرجانبدار پالیسی ترک کرے۔ ذرائع کے مطابق امریکی انٹیلی جنس جائزوں میں یہ خدشہ ظاہر کیا گیا کہ عمان آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں پر ٹیکس عائد کرنے کے معاملے میں ایران کا ساتھ دے سکتا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسی بنیاد پر واشنگٹن نے عمان کو اقتصادی پابندیوں اور ممکنہ فوجی کارروائی کی دھمکیاں دی ہیں۔ تاہم عمانی قیادت نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی غیرجانبدار پالیسی خطے میں ثالثی اور سفارتی رابطوں کے لیے ضروری ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ عمان کو امریکا کے ساتھ تعاون کرنا ہوگا، بصورت دیگر اسے نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔


































