
واشنگٹن : شام کو تنہا کرنے میں ناکام امریکا نے شامی صدر بشار اسد کے دورہ عرب امارات پر منفی رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اسے مایوس کن قرار دیا ہے۔ امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا ہے کہ ہمیں بشار اسد کو قانونی حیثیت دینے کی اس ظاہری کوشش سے گہری مایوسی ہوئی اور تکلیف پہنچی ہے وزیر خارجہ اینٹونی بلنکن نے تاکید سے کہا ہے کہ ہم اسد کو دوبارہ بحال کرنے کی کوششوں کی حمایت نہیں کرتے اور نہ انکی حمایت کرتے ہیں جو تعلقات کو معمول پر لانا چاہتے ہیں۔ بشار الاسد جمعے کے روز یو اے ای پہنچے تھے جہاں انہوں نے ابو ظہبی کے ولیعہد شیخ محمد بن زائد آل نہیان اور دبئی کے حاکم شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات کی۔ بشار اسد کے ساتھ اپنی ملاقات میں ولیعہد نے شام کو عرب سیکیورٹی کا بنیادی ستون قرار دیا اور کہا کہ یو اے ای شام کے ساتھ تعاون کو مضبوط بنانا چاہتا ہے ساتھ ہی انہوں نے دونوں ملکوں کے عوام میں تعلقات کو برادرانہ قرار دیا.


































