
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو کہتاہوں کہ خاموش رہنے کا وقت نہیں ہے، اچھائی اور برائی میں نیوٹرل رہیں گےتو بُرائی کا ساتھ دیں گے۔ بیرونی سازش کے خلاف سب کو احتجاج کرناچاہیے۔ عدم اعتماد پر امریکا نے اپوزیشن کیساتھ ملکر سازش کی، آج فیصلہ کریں گے سازشیوں کے خلاف کیا قانونی کارروائی کرنی ہے۔ ان کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرانے کا منصوبہ بنایا ہے۔
نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اس وقت فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے، اس وقت پاکستان کے مستقبل کی جنگ ہے، قوموں کی زندگی میں مشکل وقت آتے ہیں، ہمیں درست راستے کا انتخاب کرنا ہے، قوم نے آج فیصلہ کرنا ہے کہ ملک کو کس طرف لے کر جانا ہے، اللہ تعالیٰ کا حکم ہے کہ اچھائی کےساتھ اور برائی کیخلاف کھڑے ہو، جو معاشرہ اچھائی کا ساتھ دیتا ہے وہ زندہ ہوجاتا ہے۔وہ قوم تباہ ہوجاتی ہے جس میں اچھے اور برے کی تمیز ختم ہوجائے۔
ان کا کہنا تھا کہ آج بیرونی سازش کے تحت سیاستدانوں کی بکروں کی طرح نیلامی ہورہی ہے، اگر نوجوان چپ بیٹھیں گے تو وہ برائی کا ساتھ دیں گے، نوجوانوں کو چاہیے کہ اپنے مستقبل کیلئے احتجاج کریں ، نوجوانوں کو کہتاہوں کہ خاموش رہنے کا وقت نہیں ہے، سازش کے خلاف سب کو احتجاج کرناچاہیے، نوجوانوں کو اپنے مستقبل کے لیے باہر آنا پڑے گا. شہبازشریف نے 22 کروڑ عوام کو غلام بنا کر رکھ دیا ہے، لیگی صدر پر اربوں روپے چوری کے کیسز ہیں، اپوزیشن لیڈر نے 22 کروڑ لوگوں کو بھکاری قرار دیا، اِس نے کل قوم کو غلام قرار دے دیا، جس قوم میں خودداری نہ ہو، وہ قوم کبھی بھی اوپر نہیں جاسکتی۔ نوجوانوں نے ملک کے ساتھ کھڑا ہونا ہے، یہ لوگ کہتےہیں امریکا کی غلامی کرو، نوجوانوں کو بیرونی سازش کیخلاف آواز اٹھانی چاہیے۔
شہری نے سوال کیا کہ ان کیخلاف غداری کے مقدمات کب درج کریں گے جس پر جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ میں ہمیشہ آخری گیند تک مقابلہ کرنے والا شخص ہوں۔ کل سب دیکھیں گے کہ میں کیسے ان سے مقابلہ کرتا ہوں، کل سب نے احتجاج کرنا ہے، میں چاہتا ہوں کہ قوم زندہ ہو۔ سب سے کہتا ہوں کہ آپ سب کو پرامن احتجاج کرنا چاہیے، یہ اقتدار میں اس لیے آنا چاہتے ہیں تاکہ اپنے کرپشن کیسز ختم کریں۔ وکیلوں سے مشاورت کی ہے، ملک سے غداری کرنے والوں کو معاف نہیں کرینگے، سب پر کیسز بنائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی فوج پر ہمیں فخر ہے وہ ملک کو اکٹھا رکھ رہے ہیں، ہمارے دشمنوں کی کوشش ہے کہ ملک 3 حصوں میں ٹوٹ جائے، مضبوط فوج ملک کی اہم ضرورت ہے، ملک میں صرف ایک ہی نیشنل پارٹی ہے، وہ پی ٹی آئی ہے، فورسز کیخلاف سازش پاکستان کیخلاف سازش ہے، سب سے کہتا ہوں کہ فوج پر کسی قسم کی تنقید نہ کریں۔
برطانیہ سے ایک لیڈی ڈاکٹر کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان بھٹو والا پاکستان نہیں، بدل چکا ہے، یہ سوشل میڈیا کا زمانہ ہے سب کو سمجھ آگئی ہے کیا ہو رہا ہے، سازش کا پوری قوم کا پتا چل گیا ہے، سب سے بڑا کرپٹ سازشی ٹولہ پیسے چلا رہا ہے، 30 سالوں سے یہی حکومت کرتے رہیں قوم انہیں برداشت نہیں کرے گی، کل دنیا کوپتہ چلے ہم زندہ قوم ہیں، بے فکر ہو جائیں، کل اسمبلی میں ان کو شکست دے کر دکھاؤں گا۔


































