تحریر: ڈاکٹر سعداللہ زارعی
افغانستان کے حالات نے دنیا بھر کی توجہ اپنی جانب مرکوز کر رکھی ہے۔ امریکی حکام عالمی سطح پر یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ ان کے فوجی انخلاء کے بعد افغانستان میں ایک قسم کا خلاء پیدا ہو چکا ہے اور اس دوران اس ملک میں جو بھی ناگوار واقعہ پیش آ رہا ہے وہ اسی خلاء کے باعث ہے۔ یوں امریکہ گذشتہ بیس سالوں پر محیط اپنی نامعقول، نقصانات سے بھرپور اور غاصبانہ فوجی موجودگی کو سودمند ظاہر کرنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ امریکہ کے فوجی انخلاء کے بعد رونما ہونے والے ناگوار واقعات ان حادثات کا دو فیصد حصہ بھی نہیں جو بیس سالہ امریکہ اور مغربی طاقتوں کی موجودگی میں رونما ہوئے تھے۔
دوسری طرف بعض عناصر اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ تھوڑا صبر کریں پھر آپ دیکھیں گے کہ افغانستان میں کیسے نت نئے بحران پیدا ہوتے ہیں۔ اس قسم کی سوچ رکھنے والے عناصر کی نظر میں افغانستان کے روشن مستقبل کی امید محض ایک سراب ہے اور بہت جلد اس ملک میں جنم لینے والے شدید بحران پورے خطے اور حتی دنیا کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیں گے۔ البتہ اس بارے میں دیگر بھی بہت سے تجزیات پائے جاتے ہیں۔ ہم اس بارے میں چند اہم نکات کی جانب اشارہ کرنا چاہتے ہیں:
1)۔ طالبان نے ایک خاص حکومت ماڈل پیش کیا ہے اور طالبان کے تمام ذمہ داران اور حامی بھی اس حکومتی ماڈل کی حمایت کرتے ہیں۔ کیا طالبان اپنے مطلوبہ حکومتی ماڈل یعنی "امارت اسلامی افغانستان” کو عملی جامہ پہنانے کی طاقت اور صلاحیت رکھتے ہیں؟
فی الحال ملک کے اندر طالبان کے مقابلے میں ایسی کوئی مضبوط اپوزیشن موجود نہیں ہے جس کی مخالفت کے نتیجے میں طالبان اپنے اس حکومتی ماڈل سے دستبردار ہو جائے۔ یہاں ایک سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ سابق صدر اشرف غنی کو ملک سے فرار اختیار کئے اور کابل پر طالبان کا قبضہ ہوئے ایک ماہ سے زیادہ کا عرصہ بیت چکا ہے، پس ابھی تک طالبان نے کیوں سرکاری سطح پر اپنے مدنظر حکومتی ماڈل یعنی "امارت اسلامی” کا اعلان نہیں کیا اور نگران حکومت کی تشکیل کا اعلان کیا ہے۔ اس بات کا قومی امکان موجود ہے کہ طالبان مستقبل قریب میں اپنے حکومتی ماڈل کا اعلان کر کے اسے لاگو کر دیں گے لیکن یہ تاخیر خاص معنی کی حامل ہے اور طالبان کی اس نفسیات کو ظاہر کرتی ہے جو مختلف موضوعات میں دہرائی جائے گی۔
البتہ طالبان کا حکومتی ماڈل بہت زیادہ نقائص کا حامل ہے جبکہ طالبان کے مرکزی رہنماوں کے درمیان بھی حکومت کے طریقہ کار پر باہمی اختلافات پائے جاتے ہیں۔ لہذا طالبان اپنے مطلوبہ حکومتی ماڈل کو عملی شکل دینے میں بہت سی کمزوریوں کا شکار ہیں۔ دوسری طرف طالبان کو اس میدان میں بیرونی حقیقی رکاوٹوں کا بھی سامنا ہے جس کے باعث وہ اپنے اصل حکومتی ماڈل کو لاگو کرنے میں تاخیر کا شکار ہوئے ہیں۔ طالبان بخوبی آگاہ ہیں کہ کافی حد تک علاقائی اور بین الاقوامی معاہدوں کے انعقاد کے بغیر "امارت اسلامی” بہت زیادہ مشکلات کا شکار ہو جائے گی اور حتی اس بات کا امکان بھی پایا جاتا ہے کہ ابتدا میں ہی اس کے خلاف اندر سے ایک طاقتور تحریک ابھر کر سامنے آ جائے۔ طالبان سمجھتے ہیں کہ عالمی سطح پر انہیں تسلیم کئے جانے کیلئے علاقائی سطح پر دوستانہ ماحول بنانا بہت ضروری ہے۔
یوں دکھائی دیتا ہے کہ طالبان ایک علاقائی – بین الاقوامی محاذ تشکیل دینے کے درپے ہیں تاکہ اس کے ذریعے عالمی سطح پر اپنی مشروعیت کے حصول کا زمینہ فراہم کر سکیں۔ یہ علاقائی – بین الاقوامی محاذ امریکہ، برطانیہ، فرانس اور سعودی عرب پر مشتمل نہیں ہو سکتا کیونکہ اس وقت ان پر تکیہ کرنے کا نتیجہ ملک کے اندر قانونی حیثیت اور مشروعیت کھو دینے اور حکومت کی بنیادیں متزلزل ہونے کی صورت میں ظاہر ہو سکتا ہے۔ طالبان کا نظریہ یہ ہے کہ وہ کسی ایسے محاذ پر اعتماد نہیں کر سکتے جس کے موثر اراکین میں سے ایک امریکہ ہو کیونکہ ایسا محاذ بنیادی طور پر کابل میں ایک موثر اور خودمختار حکومت کے حق میں ہی نہیں ہے۔ طالبان کی نظر میں امریکہ سب سے زیادہ افغانستان کی نئی حکومت کو گھٹنے ٹیک دینے پر مجبور کر دینے کا خواہاں ہے۔
دوسری طرف، علاقائی سطح پر پاکستانی حکومت کا نظریہ یہ ہے کہ کابل میں ایک پشتون حکومت کا قیام، پاکستان میں پشتون طالبان کو شہ ملنے کا باعث بن سکتا ہے جن کی تعداد ایک اندازے کے مطابق چار کروڑ تک ہے۔ اسی طرح پاکستان کے پشتونوں کو اشتعال دلانا طالبان کی یقینی پالیسی ہے کیونکہ ان کے پاس پاکستان کے شمال میں واقع قبائلی علاقوں کو افغانستان سے ملحق کرنے کا یہی واحد راستہ ہے۔ لہذا اس میں کوئی شک نہیں کہ حتی اگر پاکستان بظاہر زور دے کر کہے کہ ہم طالبان کی حکومت کو قبول کرتے ہیں، یقیناً اسے کمزور کرنے کی کوشش کرے گا۔ ایک اور ایسا محاذ موجود ہے جس کی طاقت امریکہ کی مرکزیت میں موجود محاذ سے زیادہ ہے۔ یہ محاذ ایران، چین، انڈیا، روس، تاجکستان، ترکمنستان اور ازبکستان پر مشتمل ہے
2)۔ افغانستان کے سیاسی میدان میں ایران اس خطے میں ایک خاص طاقت ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے درمیان ایران وہ واحد ملک ہے جو بے نظیر اقتدار کا مالک ہے۔ اسی طرح ایران گذشتہ چار عشروں سے عالمی استکباری طاقتوں کی نت نئی سازشوں کا کامیابی سے ڈٹ کر مقابلہ کرتا آیا ہے۔ یہ بھی سننے میں آیا ہے کہ گذشتہ بیس برس کے دوران طالبان نے ایران کی توجہ حاصل کرنے کیلئے امام خمینی رح کے افکار سے متاثر ہونے کا دعوی کیا ہے اور اس سلسلے میں ایسی حکومت تشکیل دینے کو اپنا نصب العین بنایا ہے جو عالمی استکباری طاقتوں کے اثرورسوخ سے آزاد ہو اور اندرونی سطح پر بھی کرپشن کی لعنت سے پاک ہو۔ طالبان کی نظر میں ایران کے افغانستان سے بعض جائز مفادات وابستہ ہیں۔
افغانستان سے وابستہ ایران کے ان جائز مفادات میں سرحدوں کی حفاظت، افغانستان کی سرزمین کو اپنے خلاف استعمال ہونے سے روکنا، افغانستان میں مقیم اہل تشیع سمیت تمام مذاہب کے پیروکاروں کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانا اور افغانستان سے اقتصادی تعلقات کا فروغ خاص طور پر ہیرمند کے پانی کے بارے میں افغان حکومت سے تعاون، شامل ہیں۔ افغانستان کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ ان امور کو اسلامی جمہوریہ ایران کا جائز حق سمجھتی ہے اور خود کو ایران کے یہ مطالبات تسلیم کرنے کا پابند سمجھتی ہے۔
3)۔ طالبان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کا جائزہ لیتے ہوئے اس نکتے سے غافل نہیں ہونا چاہئے کہ امریکہ اور طالبان کے درمیان خون کی ندی جاری ہے۔ طالبان کا دعوی ہے کہ امریکہ نے ان کے کم از کم 60 ہزار افراد کو قتل کیا ہے جبکہ دسیوں ہزار افراد کو زخمی بھی کیا ہے۔
دوسری طرف امریکی حکام کا دعوی ہے کہ پینٹاگون کے کم از کم تین ہزار فوجی طالبان سے مقابلہ کرتے ہوئے مارے گئے ہیں۔ اسی طرح تقریباً 6 ہزار امریکی فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ یہ مسئلہ اتنی آسانی سے حل ہونے کے قابل نہیں ہے۔ ہمارا اصرار نہیں کہ سو فیصد ایسا ہی ہے لیکن امریکی حکام اور طالبان میں شامل رہنماوں کی نفسیات کو سامنے رکھتے ہوئے یہ بات قابل مشاہدہ اور یقینی ہے۔ ان دونوں کے درمیان خون کی لکیر باقی رہے گی اور قوی امکان ہے کہ موثر بھی واقع ہو گی۔ بعض حلقے اس بات کو قبول کرنے کیلئے تیار نہیں کہ امریکہ 2007ء میں ہی بند گلی سے روبرو ہو چکا تھا لہذا جب اس نے 2018ء میں طالبان سے مذاکرات کا آغاز کیا اور تین سال کے اندر اندر ان مذاکرات کو ایک منطقی نتیجے تک پہنچایا تو واقعی امریکہ کے پاس کوئی اور چارہ نہیں تھا۔
اسی طرح اب جب امریکہ نے افغانستان سے فوجی انخلاء انجام دیا ہے تو حقیقت یہ ہے کہ امریکہ واقعی افغانستان میں مزید رہنے پر قادر نہیں تھا۔ ایسا نہیں ہے کہ امریکہ نے ایک بہتر صورتحال تک پہنچنے کیلئے منصوبہ بندی کر رکھی ہو اور مذکورہ بالا تمام اقدامات اپنے قومی مفادات کے حصول کیلئے اس منصوبہ بندی کے تحت انجام دیے ہوں۔ مشہور ہو جانے والی بات کے برعکس، نہ تو مغربی ایشیا خطہ گذشتہ چند عشروں کے دوران مادی اور معنوی لحاظ سے اپنی اسٹریٹجک اہمیت کھو چکا ہے اور نہ ہی دنیا میں اس خطے کا کوئی متبادل پایا جاتا ہے۔ جیسا کہ ہم گذشتہ چار پانچ عشروں میں مشاہدہ کر چکے ہیں، مشرقی ایشیا کا خطہ امریکہ کیلئے مخصوص خطہ نہیں بن سکتا لہذا امریکی حکام کا یہ دعوی درست نہیں کہ انہوں نے مشرق کی جانب توجہ کے باعث مغربی ایشیا میں فوجی موجودگی کم کی ہے۔
بعض سیاسی رہنماوں کی جانب سے یہ دعوی کیا جانا کہ مغربی ایشیا میں انقلابی اور مزاحمتی سرگرمیوں نے اس خطے کو "جلی ہوئی زمین” میں تبدیل کر دیا ہے، درست نہیں ہے۔ یہ اسٹریٹجک اعتبار سے انتہائی اہم خطہ نہ صرف کم اہمیت نہیں ہوا بلکہ ان انقلابی اور مزاحمتی سرگرمیوں نے اس خطے کے ممالک کو مزید طاقتور بنا دیا ہے۔ اسی طرح خطے کے ممالک میں عوامی حمایت سے برخوردار حکومتیں سامنے آئی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ مغربی ایشیا مستقبل کے عالمی نظام میں ایک اہم اور موثر خطہ بن چکا ہے۔ دوسری طرف بعض افراد افغانستان میں امریکہ کی شکست پر پردہ ڈالنے کیلئے امریکہ کے بی پلان کی بات کرتے ہیں اور طالبان سے اس کے خفیہ معاہدے کا ذکر کرتے ہیں۔ ہم امریکہ اور طالبان میں ہر قسم کے خفیہ معاہدے کی نفی نہیں کرنا چاہتے لیکن ایسے دعوے کیلئے یقینی معلومات کی ضرورت ہے۔
اس وقت خود امریکہ میں افغانستان سے فوجی انخلاء پر ہنگامہ کیوں برپا ہے؟ کیا امریکہ کی ایک خاص اسٹریٹجک پلاننگ کی ناکامی اور ایک نئے بڑے خطرے کی باتیں نہیں ہو رہیں؟ پس اصل سوال یہ ہے کہ امریکہ کس خطرے اور کس اسٹریٹجک پلاننگ کی ناکامی کی بات کر رہا ہے؟ یہ پلاننگ یقیناً PNAC یا Project for a New American Century تھی جسے پال ولفوویٹز اور آسکو سمیت نامور امریکی تھنک ٹینکس نے 1992ء میں پیش کیا اور 2000 اور 2010 کی دہائیوں میں اسی کے مطابق پالیسیاں تشکیل دی گئیں۔ افغانستان سے فوجی انخلاء کے بعد امریکہ کس خطرے سے پریشان ہے؟ بے شک یہ خطرہ ایران کا کئی گنا زیادہ طاقتور ہو جانا اور ایران کے مشرق میں ایک نئی مزاحمتی طاقت نمودار ہو جانا ہے۔ پہاڑی سلسلوں، صحراوں اور دریاوں کا آپس میں متصل ہو جانا ہے۔ ان میں سے ہر ایک افغانستان میں امریکہ کیلئے ایک بلیک باکس ہے۔
































