
واشنگٹن : امریکا نے کانگریس کی منظوری کے بغیر مشرقِ وسطیٰ کے اتحادی ممالک کو آٹھ ارب ساٹھ کروڑ ڈالرز کے ہتھیار فروخت کرنے کی منظوری دے دی۔
امریکی محکمۂ خارجہ کے مطابق وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے ہنگامی صورتِ حال کا جواز پیش کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے اور کانگریس کے جائزے کی شرط ختم کر دی ہے۔ رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق جنہیں امریکا یہ اسلحہ فروخت کرے گا ان چار ممالک میں اسرائیل، متحدہ عرب امارات، قطر اور کویت شامل ہیں۔
اس معاہدے کے تحت قطر کو 4.01 ارب ڈالرز کے میزائل دفاعی نظام اور 992.4 ملین ڈالرز کے جدید ہتھیار دیے جائیں گے۔ کویت کو 2.5 ارب ڈالرز کا جنگی کمان نظام فراہم کیا جائے گا جبکہ اسرائیل کو بھی 992.4 ملین ڈالرز کے ہتھیار فروخت کیے جائیں گے۔ معاہدے کے تحت متحدہ عرب امارات کو 147.6 ملین ڈالرز کے ہتھیار فروخت کیے جائیں گے۔


































