
واشنگٹن : امریکی صدر جو بائیڈن نے روس پر نئی پابندیوں کا اعلان کردیا۔روس یوکرین کشیدگی کے معاملے پر اپنے خطاب میں امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ روسی بینک کے 250 ملین ڈالر کےاثاثے منجمد کیےجائیں گے، ماسکو کی عالمی مارکیٹ تک رسائی کی صلاحیت کو ہدف بنایا جائے گا۔امریکی صدر نے کہا کہ جی سیون رہنماؤں سے روس کے یوکرین پر بلاجواز حملے پر بات چیت کی، روس کو یوکرین پر حملے کے لئے جوابدہ ٹھہرانے کے لئے پابندیوں پر اتفاق کیا گیا۔جو بائیڈن نے کہا کہ پابندیوں کے تباہ کن پیکجز و دیگر اقتصادی اقدامات آگے بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔امریکی صدر نے کہا کہ روسی گیس کمپنی کو قیمتیں بڑھانے نہیں دیا جائے گا۔جو بائیڈن نے مزید کہا کہ نیٹو اتحادی آرٹیکل 5 کے تحت جوائنٹ سیکیورٹی کی ذمےداری پوری کریں گے۔ امریکی صدر نے کہا کہ عالمی انرجی سپلائز کو محفوظ بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں، روس نے سائبر حملوں کی مہم شروع کی تو اسی طرح جواب دیں گے، نیٹو کو مضبوط بنانے کے لیے امریکا اضافی فورسز جرمنی میں تعینات کرے گا وزیراعظم بورس جانسن نے بھی روس پر اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کردیا۔ برطانوی وزیراعظم نے روس کے اہم بینکوں کے برطانیہ میں اثاثے منجمد کردیے۔ برطانیہ سے پیسا اکٹھا کرنے والی روسی کمپنیوں پر پابندی کی قانون سازی ہوگی انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں روسی شہریوں کے پیسے جمع کروانے پر حد مقرر کی جائے گی۔ روس کی فضائی کمپنی ایروفلوٹ پر بھی برطانیہ میں پابندی عائد کی جائے گی۔ روس کو فروخت کی جانے والی ٹیکنالوجی کے لیے سخت برآمدی ضابطے ہوں گے۔


































