
لندن : برطانیہ میں حکومت نے فسادات سے نمٹنے کیلئے اسٹینڈنگ آرمی بلانے کا اعلان کردیا۔ وزیراعظم سرکیئر اسٹارمر نے کوبرا میٹنگ کے بعد کہا کہ فسادات سے نمٹنے کے لیے پولیس کو ماہر افسران کی اسٹینڈنگ آرمی تک رسائی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ فوجداری انصاف پر نظرثانی کی جائے گی۔ یہ احتجاج نہیں خالص تشدد ہے اور ہم مساجد یا اپنی مسلم کمیونٹیز پر حملوں کو برداشت نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ آن لائن جرائم سے آف لائن کی طرح سنجیدگی سے نمٹا جائےگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی توجہ اس بات کو یقینی بنانے پر مرکوز ہے کہ ہماری سڑکیں محفوظ رہیں۔ وزیر اعظم نے ملوث افراد کی جلد از جلد شناخت کی درخواست کی تاکہ انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جاسکے۔ اس سے پہلے سرکیئراسٹارمر نے کہا تھا کہ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ یہ سب کرکے ہمیں ڈرا سکتا ہے تو یہ نہیں ہوگا۔ انصاف کی فراہمی کیلئے چوبیس گھنٹے اگر عدالتیں کھلی رکھنی پڑیں تو رکھیں گے۔


































