
کراچی : امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے ذیلی ادارے امامیہ ایجوکیشن بورڈ کراچی اور بوڈی آف لٹریسی اینڈ ڈیولپمنٹ کے تحت پری بورڈ امتحانات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے پہلے پرچے کے موقع پر امتحانی مراکز میں خصوصی انتظامات کیے گئے۔ امتحانی مراکز میں بورڈ کی خصوصی ٹیموں نے امتحانی امور کا جائزہ لیا۔امتحانی مراکز کے دورے کے موقع پر سیکریٹری تعلیم آئی ایس او کراچی علی باقر عابدی نے کہا کہ امتحانات سے قبل امتحانات طلبہ کی تیاری میں اہم کردار رکھتے ہیں۔ امتحانات میں طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد میں شرکت اس بات کا ثبوت بھی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہر بھر میں 25 سے زائد مقامات پر امامیہ پری بورڈ امتحانات کے لیے امتحانی سینٹرز قائم کئے گئے ہیں شہر بھر سے 3000 سے زائد بچے شریک ہیں،پری بورڈ امتحانات طلبہ و طالبات کے لیے ہمیشہ مفید ثابت ہوئے، جس میں ہر سال طلبہ و طالبات ہزاروں کی تعداد میں شرکت کرتے ہیں۔ علی باقر عابدی کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایس او طلباء میں تعلیم کے فروغ کے لئے کئی دہائیوں سے کوشاں ہے اور مستقبل میں بھی طلبہ کے لیے اپنی خدمات پیش کرتے رہیں گے۔


































