
کراچی : کراچی میں مختلف تنظیموں سے تعلق رکھنے والے علمائے کرام اور دینی شخصیات کا اجلاس ہوا جس میں چہلم امام حسینؑ کے موقع پر عزاداری امام حسینؑ کے پروگرامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں 9 محرم کو ایک اہم ادارے کی جانب سے مرکزی جلوس میں عزاداروں کو ہراساں کرنے پر شدید غم وغصہ کا اظہار کیا گیا اور ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اس بارے میں عوامی سطح پر آگاہی مہم چلائی جائے گی۔ اجلاس کے دوران شیعہ لاپتہ افراد کی عدم بازیابی پر بھی بھرپور تحفظات کا اظہار کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا اگر ان افراد نے کوئی جرم کیا ہے تو انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے ورنہ فوری بازیاب کیا جائے۔ اجلاس کے دوران آئمہ جمعہ اور خطباء سے اپیل کی گئی کہ وہ چہلم امام حسینؑ کے عنوان سے عوام سے اپیل کریں کہ مرکزی جلوس میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کی جائے تاکہ جلوس کو بھرپور شان و شوکت کے ساتھ برآمد کیا جاسکے۔ اجلاس میں علامہ غلام عباس رئیسی، علامہ شیخ محمد حسن صلاح الدین، علامہ شہنشاہ حسین نقوی، علامہ ناظر عباس تقوی، علامہ شیخ محمد صادق جعفری، علامہ رضی حیدر زیدی، علامہ صادق رضا تقوی، علامہ حیدر عباس عابدی، علامہ نعیم الحسن الحسینی، علامہ علی افضال رضوی، علامہ سجاد مہدوی، علامہ نقی ہاشمی، علامہ سجاد رضوی، صابر ابومریم سمیت دیگر علماء کرام اور زعماء شریک تھے۔


































