
کراچی : شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ ساجد علی نقوی نے کہا ہےکہ سرکاری اہلکاروں کے ذریعے تشیع کے کردار اور تشیع کی شہری آزادیاں سلب کرنے کی جو کوششیں ہو رہی ہیں، انہیں ناکام کرنے کیلئے علماء و ذاکرین مل کر جدوجہد کریں۔ عظمت علماء و ذاکرین کو محفوظ رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ علماء و ذاکرین آپسی اختلافات باہمی گفتگو سے حل کریں، تاکہ اس کے اچھے اثرات عوام پر مرتب ہوں۔ علامہ ساجد نقوی نے ان خیالات کا اظہار عظمت علماء و ذاکرین کانفرنس سے ٹیلی فونک خطاب میں کیا۔ کانفرنس کا اہتمام شیعہ علماء کونسل نے بھوجانی ہال کراچی میں مولانا محمد حسن فخر الدین مرحوم کے چہلم کی مناسبت سے کیا تھا۔ کانفرنس میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی، مرکزی نائب صدر سید حسنین مہدی، مرکزی ایڈیشنل سیکریٹری مولانا ناظرعباس تقوی،جعفریہ الائنس پاکستان کے سربراہ علامہ رضی جعفر نقوی سمیت علماء و ذاکرین شریک ہوئے۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ اس وقت حالات انتہائی مخدوش ہیں، ضروری ہے کہ نوجوانوں اور عوام میں موجود فکری انتشار کو ختم کرنے کیلئے ان کی تربیت کی جائے، ملی حوالے سے جو مسائل و مشکلات درپیش ہیں، اس میں بھی علماء و ذاکرین کا کردار بہت اہم ہے۔ علماء و ذاکرین باہمی رابطے کو مضبوط کریں۔ اُنہوں نے مرحوم شیخ محمد حسن فخر الدین کی علمی خدمات کو سراہا۔


































