
لندن : برطانیہ میں عدالت نے ہنگامہ آرائی اور بدامنی پھیلانے کے الزام میں مزید تین ملزمان کو جیل بھیج دیا۔ ہل کراؤن کورٹ نے چھبیس سالہ نوجوان کو خاتون پولیس افسر پر حملہ کرنے کے الزام میں تین سال قید کی سزا سنائی ہے۔ نوجوان پر خاتون افسر کو لات مارنے کا الزام ثابت ہوگیا ہے۔ ادھر رودرہم کے قریب پناہ گزینوں کی رہائش والے ہوٹل کے باہر ہنگامہ آرائی پر ساٹھ سالہ شخص کو ڈھائی سال کے لیے جیل بھیج دیا گیا ہے۔ ادھر برسٹل کراؤن کورٹ نے برسٹل کے ڈومینک کیپلڈی کو چونتیس ماہ کی سزا سنائی ہے اس پر برسٹل سٹی سینٹر میں فسادیوں کیساتھ جھڑپوں میں شامل ہونے کا الزام ہے۔ چیشائر سے تعلق رکھنے والی 53 سالہ خاتون کو دھمکی آمیز پیغام بھیجنے پر فرد جرم عائد کی گئی ہے۔ عدالتیں اب تک 400 سے زائد افراد پر فرد جرم عائد کرچکی ہیں۔


































