
نابلس : صیہونی فوجیوں کی فائرنگ سے خاتون سمیت 2 فلسطینی شہید ہوگئے۔ صیہونی فوجیوں نے نابلس کے جنوب میں واقع قصبے بیتا میں فلسطینیوں پر دھاوا بولا۔ جھڑپ کے دوران صیہونی فوجیوں نے گولیاں مار کر 21 سالہ نوجوان محمد علی غنیم شہید کردیا۔ اس سے پہلے صیہونی فوجیوں نے مغربی کنارے میں خاتون کو گولی مار کر شہید کر دیا۔ فلسطین کی وزارت صحت کا کہنا تھا کہ 40 سالہ خاتون کو زخمی حالت میں مغربی کنارے کے شہر بیت جالا کے ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم اسپتال منتقل کرنے میں تاخیر کی وجہ سے خاتون شہید ہوگئی۔ شہید خاتون کی شناخت غادة ابراهیم علی العریدی کے نام سے ہوئی، جن کے شوہر پہلے ہی شہید ہو چکے تھے اور ان کا 6 ماہ کا بچہ ہے۔ صیہونی فوجیوں نے دعوی کیا ہے کہ مذکورہ فلسطینی خاتون ان کی طرف بڑھ رہی تھی تو خبردار کرنے کے لیے سپاہیوں نے ان پر فائرنگ کر دی۔


































