
واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اور یوٹرن لیتے ہوئے ایران پر دباؤ ڈالنے کیلئے اسے تبدیل شدہ سخت تجاویز بھیج دیں۔ نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے مذاکرات کاروں کی تیار کردہ تجاویز کا جائزہ لینے کے بعد بعض شقوں کو ناکافی قرار دیا اور انہیں مزید سخت بنانے کی ہدایت دی۔ ذرائع کے مطابق امریکی صدر ایران کے افزودہ جوہری مواد اور مستقبل کی جوہری سرگرمیوں سے متعلق مضبوط ضمانتیں چاہتے ہیں۔ اس پیش رفت کے بعد نظرثانی شدہ تجاویز دوبارہ ایرانی قیادت کو بھیج دی گئی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق نئی تجاویز کا مقصد ایران پر دباؤ ڈالنا ہےکہ وہ پہلے سے تیار فریم ورک پرجلد راضی ہو جائے۔
امریکی ویب سائٹ ایکسیوس کے مطابق ٹرمپ چاہتے ہیں کہ معاہدے میں واضح طور پر درج ہو کہ یورینیم امریکا کے حوالے کیسے کیا جائے گا اور اس کا طریقۂ کار اور وقت کیا ہوگا۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز کو بحری آمدورفت کے لیے دوبارہ کھولنے سے متعلق زبان میں بھی تبدیلیاں مطلوب ہیں۔


































