
واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران جنگ سے متعلق میڈیا لیکس پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ انصاف کو تحقیقات تیز کرنے کی ہدایت دے دی۔ وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ ماہ ایران جنگ کے بعد سامنے آنے والی خفیہ معلومات پر نجی طور پر قائم مقام اٹارنی جنرل ٹوڈ بلانش سے شکایت کی تھی۔ ذرائع کے مطابق ٹرمپ نے ایسی خبروں کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا اور بعض رپورٹس پر غداری کا نوٹ بھی چسپاں کیا۔ وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ٹوڈ بلانش نے حساس قومی سلامتی کی رپورٹس میں شامل صحافیوں کے خلاف سمن جاری کرنے کے امکانات پر بھی بات کی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ محکمہ انصاف اور پینٹاگون کے اعلیٰ حکام نے ان تحقیقات پر متعدد ملاقاتیں کی ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ خاص طور پر ان خبروں پر ناراض ہیں جن میں ایران کے خلاف جنگ شروع کرنے کے فیصلے اور مشیروں کی رائے سے متعلق تفصیلات شائع کی گئیں۔ امریکی محکمہ انصاف کی ترجمان کا کہنا ہے کہ ادارہ ہر معاملے میں حقائق اور قانون کی بنیاد پر امریکا کے خلاف جرائم میں ملوث افراد کی نشاندہی کرتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق صحافیوں کے خلاف بھی کارروائی پر غور کیا جا رہا ہے۔


































