
تہران: پاکستان ۔ ایران ۔ عراق سمیت مسلم دنیا کے سو ممتاز علمائے کرام۔ مفکرین اور مذہبی رہنماؤں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو محارب اور زمین پر فساد پھیلانے والا قرار دے دیا۔ مذہبی شخصیات نے مشترکہ بیان میں کہا کہ ٹرمپ اور نیتن یاہو خونریزی۔عالمی امن کی پامالی اور انسانیت کے خلاف جرائم کے باعث قرآنی سزا کے مصداق بن چکے ۔ عالمی عدالتوں اور اسلامی قوانین کے مطابق ان کا مؤاخذہ لازم ہے۔
بیان میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی قیادت کی بھرپور اور غیر مشروط حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سپریم لیڈر ملت اسلامیہ کی وحدت و مزاحمت کے راستے پر رہنمائی کرثرہے ہیں۔ علمائے اسلام نے واضح کیا کہ وہ رہبر معظم کی اصولی، شفاف اور حکیمانہ قیادت کو نہ صرف شرعی طور پر جائز بلکہ امت اسلامی کا ناگزیر فریضہ سمجھتے ہیں، اور ہر سطح پر ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلامی شریعت کے مسلمہ اصولوں خاص طور پر "کفار محارب سے دوستی اور مفاہمت کی حرمت” کے قاعدے اور بین الاقوامی انسانی حقوق و قوموں کے حق خود ارادیت سے متعلق دستاویزات کی روشنی میں، صیہونی جعلی و قابض حکومت اور امریکہ کی استکباری پالیسیوں سے ہر طرح کی مفاہمت، تعلقات کا قیام اور شراکت شرعی طور پر حرام، امت اسلامی سے خیانت اور فلسطینی قوم و مظلوم اقوام کے حقوق کی کھلی پامالی ہے۔


































