
تہران : ایرانی قومی سلامتی کمیٹی کے نائب چیئرمین علاؤ الدین بروجردی نے امریکا کو ایک اور ضرب لگانے کیلئے باب المندب بھی بند کرنے کی دھمکی دیدی۔ اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں علاؤ الدین نے کہا کہ باب المندب کی اہمیت آبنائے ہرمز سے کم نہیں اور یمنی اِس انتظار میں ہیں کہ وہ اس آبنائے کو بند کریں۔ جنگ میں ایران کا پلڑہ بھاری ہے اور ہم نے ابھی اپنے نئے پتے نہیں کھیلے۔ علاؤ الدین بروجردی نے یہ بھی واضح کیا کہ ایران ماضی میں سپریم لیڈر کے حکم پر ہی مذاکرات میں شریک ہوا تھا، تاہم موجودہ حالات میں وہ باب المندب کو ایک اہم دفاعی پتے کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
ادھر یمن کی وزارتِ خارجہ نے اپنے بیان باب المندب بند کرنے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ خطے سے باہر موجود بعض موقع پرست عناصر ایسے اقدامات نہ کریں جو صورتحال کو مزید پیچیدہ بنا دیں۔ ایسے اقدامات عالمی سپلائی چین، توانائی کی قیمتوں اور عالمی معیشت کو شدید نقصان پہنچا سکتے ہیں۔


































