
لندن: برطانیہ اور فرانس نےکہا ہے کہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے بغیر مشرق وسطیٰ میں امن نہیں آئے گا۔ دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ پہلے سے کہیں زیادہ تنازعات کے خطرے سے دوچار ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ہم نے ایران اور اس کے ایجنٹوں پر زور دیا ہے کہ وہ غزہ میں قیدیوں کے تبادلے اور پرامن معاہدے تک پہنچنے کی کوششوں کی حمایت کریں اور اپنی دھمکیاں واپس لیں۔ دونوں وزرائے خارجہ نے یہ بھی واضح کیا کہ صرف دو ریاستی حل ہی اسرائیل اور فلسطینیوں میں امن قائم کرسکتا ہے۔انہوں نے زور دیا کہ خطے کے استحکام میں ہر ایک کی دلچسپی ہے اور ہر کسی کی ذمہ داری بھی ہے کہ وہ موجودہ کشیدگی کے خاتمے اور اسرائیل و فلسطین اور پورے خطے کے فائدے کے لیے پائیدار امن کو یقینی بنانے کی حمایت کرے۔ ادھر برطانیہ، فرانس، جرمنی اور اٹلی کے وزرائےخارجہ نےایک علیحدہ بیان میں جنگ بندی کی کوششوں کا خیرمقدم کیا۔ چاروں وزرائے خارجہ کے بیان میں کہاگیاہےکہ کشیدگی میں اضافہ ان کوششوں کو نقصان پہنچائے گا اور کہا کہ جنگ بندی نہ ہوئی تو بہت کچھ داؤ پر لگا ہوا ہے۔


































