
کامونکی : پاکستان تحریک انصاف کے چئرمین عمران خان نے ملک میں مارشل لا کے خدشات ظاہر کردئے۔ عمران خان نے کہا کہ مخالفین جتنی مرضی پریس کانفرنس کرلیں یہ ذلیل ہوں گے۔ پْرامن انقلاب لیکر آرہا ہوں، اگرمارشل لا لگانا ہے لگائیں مجھے کیا ڈرا رہے ہیں، سوائے صاف اور شفاف الیکشن کے علاوہ کوئی بات چیت نہیں ہو گی۔ ہم اپنےاداروں سےلڑائی نہیں چاہتے۔انہوں نے ایک بار پھر اسٹیبلشمنٹ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا واسطہ چوروں کے ساتھ کھڑے نہ ہوں۔ جو ان کے ساتھ کھڑا ہوگا ان کے ساتھ رنگا جائے گا۔ مشرف نے دونوں خاندانوں کو کرپشن پر ہٹایا تو ساری قوم اسٹیبلشمنٹ کےساتھ کھڑی ہوئی۔ آپ نے ان کو ڈرائی کلین کر کے ہم پر دوبارہ مسلط کر دیا۔ آپ نے بند کمروں میں کبھی چور ہونے کا فیصلہ کیا اور کبھی پاک کر دیا، پاکستانی قوم بھیڑ، بکریاں، گائے نہیں، ہم انسان ہیں، خدا کے لیے پاکستانی قوم کو جانور نہ سمجھیں۔


































