
اسلام آباد : پاکستان نے مزار شریف میں بم دھماکوں کی شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار احمد نے ایک بیان میں کہا کہ دہشت گرد حملوں میں بہت سی قیمتی جانیں گئیں جبکہ بہت سے دیگر افراد زخمی ہوئے۔ پاکستانی حکومت اور عوام کی ہمدردیاں افغان عوام کے ساتھ ہیں ۔ترجمان نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ دہشت گردی کی ایسی بھیانک سرگرمیاں افغان قوم کے امن، استحکام، اور ترقی کے عزم کو کمزور کرنے کی کوشیش ہیں ۔دہشت گرد سرگرمیوں کے ذریعہ افغانستان کی اہل تشیع و ہزارہ برادری کو نشانہ بنانے پر شدید تحفظات ہیں۔ عالمی برادری پر زور دیتے ہیں کہ وہ دہشت گردی سے نمٹنے اور درپیش چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے افغانستان کی ہر ممکن امداد کریں۔


































