
تل ابیب / بیروت: اسرائیل نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں قائم حزب اللہ کے ہیڈ آفس سمیت مختلف مقامات پر بدترین بمباری کی جبکہ حسن نصر اللہ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ اسرائیل نے بیروت کے جنوبی مضافات میں حزب اللہ کے مرکزی فوجی ہیڈکوارٹر پر متعدد فضائی حملے کیے ہیں۔ اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ اس حملے میں حزب اللہ کے رہنما سید حسن نصر اللہ کو نشانہ بنایا گیا اور یہ حملے اُس وقت کیے گئے جب حزب اللہ کے کمانڈر مرکزی دفتر میں موجود تھے۔ اسرائیل کی جانب سے دعویٰ کے برعکس فوری طور پر واضح نہیں ہوسکا کہ حملے کے نتیجے میں حسن نصر اللہ متاثر ہوئے ہیں یا پھر محفوظ رہے جبکہ حزب اللہ کی جانب سے بھی اس کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی۔ عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج نے بیروت میں قائم ائیرپورٹ روڈ پر ایک مخصوص البرج نامی عمارت پر فضائی حملہ کر کے 10 سے زائد میزائل داغے ہیں جس کے نتیجے میں چار عمارتیں ملیا میٹ ہوگئیں جبکہ چھ کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق حالیہ حملے میں اب تک دو افراد شہید ہوئے جبکہ پچاس سے زائد زخمیوں کو اسپتال پہنچایا گیا۔ حملے کے مقام اور اطراف میں بڑی تباہی ہوئی ہے جس کے باعث اموات اور زخمیوں کی تعداد میں بہت زیادہ اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔


































