
تہران : ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری نے کہا ہے کہ امریکا نے صیہونیوں کے جرم کی کھلے عام حمایت کرکے ثابت کردیا کہ وہ غیر جانبدار ثالث نہیں ہوسکتا۔ علی باقری نے اپنے مصری ہم منصب بدرعبدلطی کے ساتھ فون پر بات کرتے ہوئے کہا کہ امریکا صیہونی جرائم میں برابر کا شریک ہے۔ وہ قابض حکومت کے جرائم کو روکنے کی راہ میں مسلسل رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حکومت غزہ میں مظالم کا ارتکاب ایسے وقت کر رہی ہے جب کہ محصور پٹی میں جنگ بندی مذاکرات میں منافقت اور فریب کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر ایرانی وزیرخارجہ نے کہا کہ ایران اس جرم کا جواب دینے کا اپنا موروثی اور جائز حق محفوظ رکھتا ہے۔ علی باقری نےکہا کہ فلسطینی اپنی مثالی ہمت کی بدولت صیہونی حکومت کے سامنے ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔


































