
واشنگٹن : امریکی اخبار دی وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق امریکا ایران مذاکرات اگلے ہفتے اسلام آباد میں بحال ہو سکتے ہیں۔ دونوں فریق ایک صفحے پر مشتمل 14 نکاتی مفاہمتی یادداشت تیار کر رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مفاہمتی یاداشت میں ایک ماہ پر محیط مذاکرات کا فریم ورک طے کیا جائے گا، جن کا مقصد جنگ کے خاتمے کی راہ ہموار کرنا ہے۔ رپورٹ کے مطابق مسودے میں ایران کے جوہری پروگرام، آبنائے ہرمز میں کشیدگی کم کرنے اور ایران کے انتہائی افزودہ یورینیم کے ذخائر کو کسی تیسرے ملک منتقل کرنے جیسے معاملات پر گفتگو شامل ہے۔ تاہم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اہم مسائل اب بھی حل طلب ہیں۔ پابندیوں میں نرمی کی حد تا حال بحث کا موضوع ہے اور یہی نکتہ مذاکرات کی راہ میں رکاوٹ بن سکتا ہے۔ امریکی اخبار کا کہنا ہے کہ اگر بات چیت میں پیش رفت ہوتی ہے تو فریقین کی باہمی رضامندی سے ابتدائی ایک ماہ کی مدت میں توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔


































