
واشنگٹن : امریکہ نے بین الاقوامی فوجداری عدالت کے خلاف سفارتی اور پابندیوں پر مبنی مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ بین الاقوامی فوجداری عدالت کو امریکی خودمختاری کے لیے خطرہ سمجھتی ہے۔ روبیو کے مطابق عدالت کو امریکی اہلکاروں اور فوجیوں کے خلاف کارروائی سے روکنے کے لیے ہر سفارتی آپشن استعمال کیا جائے گا۔ امریکہ سفری پابندیوں، ویزا منسوخی، مزید اقتصادی پابندیوں اور سفارتی دباؤ سمیت مختلف اقدامات پر غور کر رہا ہے۔ واشنگٹن اتحادی ممالک سے بھی مطالبہ کر رہا ہے کہ وہ امریکی شہریوں پر عدالت کے دائرۂ اختیار کو مسترد کریں۔ امریکہ کا مؤقف ہے کہ وہ بین الاقوامی فوجداری عدالت کا رکن نہیں، اس لیے عدالت کو امریکی شہریوں پر اختیار حاصل نہیں۔


































