
صنعا : یمن کی اعلیٰ سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے سعودی اتحاد کے مقابل یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کی حمایت میں عوامی یکجہتی کی تحریک شروع کی ہے۔ پارلیمنٹ کے اسپیکر یحیی راعی، عدلیہ کے سربراہ احمد المتوکل اور وزیر اعظم عبد العزیز بن حبتور کی شمولیت سے تشکیل پانے والے اجلاس میں یمن کی عوامی استقامت کی اہمیت پر زور دیا گیاہے۔ انھوں نے کہا کہ سرکاری اداروں کو چاہیے کہ عوامی شمولیت سے تمام قوتوں کو یکجا اور متحد کرنے میں اپنا بنیادی کردار ادا کریں۔ مہدی المشاط نے اعلان کیا کہ یمن میں جارحین کے مقابلے میں مسلح افواج کے ساتھ ساتھ یمنی عوام کی بھی لام بندی کی ضررت ہے۔جارحین کے مقابلے میں عوامی لام بندی کے لئے ہرسطح پر کام کیا جانا چاہئے۔مہدی المشاط نے یمنی عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ سعودی اتحاد کی جارحیت کے مقابلے میں یمن کی مسلح افواج کی بھرپور حمایت اور اپنی یکجہتی کا اعلان کریں۔ انھوں نے کہا کہ اس حمایت میں یمنی عوام کی جانب سے سنجیدگی کا مظاہرہ کئے جانے کی ضرورت ہے۔ مہدی المشاط نے کہا کہ یمنی عوام اور یمن کی مسلح افواج میں مکمل مفاہمت اور یکجہتی، سعودی جارحیت کے مقابلے میں خاص اہمیت رکھتی ہے۔


































