
واشنگٹن : امریکا نے ایران فوبیا کے تحت خطے میں اسلحہ کے ڈھیر لگانے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے پینٹاگون نے اعلان کیا ہے کہ وزارت خارجہ نے مشرق وسطیٰ کے تین ممالک کو ہتھیاروں کی فروخت کی منظوری دے دی ہے۔ ان ممالک میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور اردن شامل ہیں۔ پینٹاگون کی ڈیفنس سیکیورٹی کارپوریشن ایجنسی کے مطابق اس منظوری میں ایف 16 فائٹر جیٹ اور متعلقہ سامان کی اردن کو چار اعشاریہ 21 ارب ڈالر میں ممکنہ فروخت شامل ہے۔اردن کو 12 ایف سولہ سی بلاک فائٹر جیٹس، ریڈیوس ٹارگیٹنگ پوڈس اور متعلقہ گولہ بارود کے سامان کی فروخت کی منظوری دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی سعودی عرب کو بھی 31 ملٹی فنکشنل انفارمیشن ڈسٹری بیوشن سسٹم لو والیوم ٹرمنلز کی دو کروڑ 37 لاکھ ڈالر میں خریدنے کی منظوری دی گئی ہے۔ یہ مملکت کے میزائلوں کے دفاعی نظام میں جدت لائے گا۔ پینٹاگون نے وضاحت کی ہے کہ سعودی عرب کے خریدے ہوئے مذکورہ ملٹی فنکشنل انفارمیشن ڈسٹری بیوشن سسٹم لو والیوم ٹرمنلز کو ٹرمنل ہائی الٹی ٹیوڈ ایئر ڈیفنس پلیٹ فارمز میں نصب کیا جائے گا۔


































