
صنعا :یمن کی عوامی مزاحمتی تحریک انصار اللہ کے سربراہ عبدالمالک الحوثی نے امریکا اور صیہونی حکومت کو دنیا بھر کے مسلمانوں کے اصل دشمن قرار دیا ہے۔ قبائلی وفود سے ملاقات میں عبدالمالک الحوثی نے کہا کہ امریکی اور اسرائیلی مسلم امہ کے اندر موجود مسائل کو اپنی سازشوں کو آگے بڑھانے کے لیے غلط استعمال کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔اسرائیل اور اس کے کرایے کے فوجی یمنی قوم کو اپنا مشترکہ دشمن سمجھتے ہیں۔ حوثی رہنما نے کہا کہ عرب امارات، صیہونی حکومت اور سعودی عرب اپنی ملاقاتوں کے دوران یمنی عوام کے خلاف جو موقف اپناتے ہیں وہ بالکل واضح ہے۔ انہوں نے قابض صیہونی حکومت اور یمنی عوام کے ساتھ نمٹنے کے سلسلے میں ریاض کے دہرے معیار پر تنقید کرتے ہوئے سوال کیا کہ یہ مملکت صیہونی حکام کے طیاروں کے لیے اپنے آسمان کھول رہی ہے جبکہ یمنی عوام کو یمن کے اندر سفر کرنے سے منع کررہی ہے۔


































