
نیویارک : اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے پاکستان میں سیلاب سے تباہی سے متعلق قرارداد متفقہ منظور کرلی۔قرارداد میں پاکستان میں سیلاب اور موسمیاتی تبدیلیوں سے تباہی پر گہرے رنج اور ہمدردی کا اظہار کیا گیا۔جنرل اسمبلی نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے عالمی تعاون اور امداد کی اپیل میں اضافہ کر دیا۔جنرل اسمبلی نے آئندہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا مقابلہ کرنے پر توجہ دینے اور اقدامات پر زور دیا۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اقوام متحدہ کے 160 ممبر ممالک نے پاکستان کی قرارداد کو کو اسپانسر کیا۔انہوں نے کہا کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کی ہمدردی اور سپورٹ پاکستان کے ساتھ ہے، قرارداد کے روٹ میپ میں پہلا پہلو سیلاب اپیل کا رسپانس ہے۔منیر اکرم کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کے لیے امداد کی اپیل 5 گنا بڑھ گئی ہے، 816 ملین ڈالرکی امداد اپیل جنیوا میں لانچ کی گئی ہے، اس کے بعد بحالی کا پلان بھی بن گیا ہے۔پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ پلان 14 اکتوبر کو واشنگٹن میں ورلڈ بینک کے اجلاس میں پیش کریں گے، بحالی اور تعمیر نو کے لیے جامع پلان بنائیں گے اور آئندہ ماحولیاتی سانحات کو روکنے کے لیے پلان بنائیں گے۔


































