
بیروت : حزب اللہ کے سکریٹری جنرل سید حسن نصر اللہ نے خبردار کیا ہے کہ روس اور یوکرین تنازعہ کے نتائج پوری دنیا کے لیے خطرناک ہوں گے۔ حزب اللہ کے شریک بانی سید عباس الموسوی کی یاد میں منعقدہ تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میں حسن نصراللہ نے روس یوکرین تنازع پر مغربی ریاستوں کے دُہرے معیار کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین اور روس کے درمیان رونما ہونے والے واقعات پوری دنیا کے لیے بہت خطرناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک روس کے خلاف براہ راست لڑائی کے علاوہ سب کچھ کر رہے ہیں۔ آج دنیا صرف طاقتوروں کا احترام کرتی ہے اور وہ امریکی خلاف ورزیوں کے سامنے خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔ انہوں نے یوکرین کے بحران پر عالمی برادری کے رد عمل اورعراق، افغانستان، فلسطین، شام اور یمن کی جنگوں پر ان کی بے حسی پر تنقید کی۔ انہوں نے یوکرین کے بحران کا ذمہ دار امریکا کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن ہفتوں سے جنگ کا منظرنامہ تشکیل دے رہا تھا۔ روس یوکرین تنازع ان لوگوں کے لیے ایک سبق ہے جو امریکا پر بھروسہ اور اعتماد کرتے ہیں۔ یہ ان لوگوں کیلئے بھی سبق ہے جو اپنے ہتھیار حوالے کرتے ہیں اور کھوکھلی ضمانتوں پر انحصار کرتے ہیں۔


































