
کابل: طالبان نے فلاحی تنظیموں میں خواتین کے کام کرنے پر پابندی لگا دی۔ تمام مقامی اور غیر ملکی تنظیموں کو خواتین ملازمین کو کام پر نہ بلانے کی ہدایت جاری کر دی گئی۔ خواتین کو این جی اوز میں کام کرنے سے روکنے کا حکم نامہ افغان وزارت معاشی امور نے جاری کیا۔ ترجمان وزارت معاشی امور عبدالرحمان حبیب کے مطابق این جی اوز میں خواتین ملازمین تاحکم ثانی کام نہیں کریں گی۔خواتین کے لباس سے متعلق انتظامی ہدایات پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے پابندی لگائی گئی ہے۔ وزارت معاشی امور کا کہنا ہے کہ ہدایت پر عمل نہ کرنے والی این جی اوز کا لائسنس منسوخ کردیا جائے گا۔ایمنسٹی انٹرنیشنل نے طالبان کی طرف سے این جی اوز میں خواتین کے کام کرنے پر پابندی کے فیصلے کی مذمت کی ہے۔ایمنسٹی انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ طالبان کا حکم خواتین کو معاشرتی منظرنامے سے ہٹانے کی افسوسناک کوشش ہے۔ پابندی خواتین کا سیاسی، سماجی اور اقتصادی کردار ختم کرنے کی کوشش ہے۔


































