
صنعا : انصار اللہ کے سربراہ سید عبد الملک الحوثی کی تقریر کے بعد یمن کی اعلیٰ سیاسی کونسل نے موجودہ یمنی حکومت کو برخاست کرتے ہوئے عبدالعزیز بن حبتور کو نئی حکومت تشکیل دینے تک ذمہ داریاں سنبھالنے کا حکم دے دیا۔
کونسل نے ایک بیان میں یمن پر بیرونی جارحیت اور بحران کے دور میں ملک کی بہترین حکمرانی پر عبدالعزیز بن حبتور کی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور انہیں تقرری اور برطرفی کے علاوہ انتظامی معاملات کے اختیارات دے دیے ہیں۔ کونسل نے سید عبد الحکیم الحوثی کے فیصلے سے مکمل اتفاق کیا اور گذشتہ روز میلاد رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے موقع پر مختلف شہروں میں ہونے والی تقریبات میں عوام کی کثیر تعداد میں شرکت پر مبارکباد پیش کی۔ گذشتہ دنوں انصار اللہ کے سربراہ سید عبد الملک الحوثی نے اپنے خطاب کے دوران یمنی حکومت میں بنیادی تبدیلیوں پر زور دیا اور کہا کہ یمن میں ڈکٹیٹر شپ کے بجائے عوامی حکومت ہوگی جس میں پورے ملک کے عوام کی نمائندگی ہوگی۔ انہوں نے کہا تھا کہ نئی حکومت کی تشکیل کے بعد عدلیہ میں بھی اصلاحات کرتے ہوئے اسلامی احکام سے آشنا علماء تعیینات کرنے کی کوشش کی جائے گی۔


































