
اسلام آباد : پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ برطانوی اخبار نے سلمان رشدی سے متعلق ان کے الفاظ کو سیاق وسباق سے ہٹ کر شائع کیا۔ اپنے وضاحتی بیان میں انہوں نے کہا کہ اپنے انٹرویو میں گستاخ رسول(ص) کو سزا دینے کے اسلامی اور عدالتی طریقہ کار کی وضاحت کی تھی اور سانحہ سیالکوٹ کا حوالہ دیتے ہوئے سلمان رشدی کے تناظر میں بات کی تھی۔ میں نے بھارت میں اس سیمینار میں شرکت سے انکار کردیا تھا جس میں ملعون سلمان رشدی شریک تھا جس پر اس نے میرے خلاف بات کی تھی۔ اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف نے ایک اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں عمران خان کی شان رسالت سے متعلق خدمات کو اجاگر کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ عمران خان نے بارہا کہا ہے کہ رسول اکرم(ص) کی شان میں گستاخی کی کسی صورت اجازت نہیں دی جاسکتی ہے۔


































