
اسلام آباد : قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور نے حج کی طرح عمرہ اور زیارت کو بھی وزارت مذہبی امور کے تحت کرنے کی سفارش کردی.کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سید عمران احمد شاہ کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں رکن سید فضل علی شاہ جیلانی نے کہا کہ پاکستانیوں کو عراق میں زیارت پر بہت تنگ کیا جاتا ہے، ویزہ ہونے کے باوجود پاکستانیوں کو عراق میں داخل ہونے نہیں دیا جاتا ہے، زیارت بھی وزارت کے تحت ہونی چاہیئے۔ شگفتہ جمانی نے کہا کہ زائرین کو ویزے کے باوجود نجف اور بغداد سے واپس بھیج دیا جاتا ہے، عراق زیارت کے لیے جانے والے زائرین کو شدید مسائل کا سامنا ہے، پاکستانی عراق چلے جاتے ہیں، مگر وہ وہاں غائب ہو جاتے ہیں، جس کی وجہ سے عراقی حکام بہت زیادہ ناراض ہیں۔ عمرہ بھی سرکاری سطح پر ہونا چاہیئے۔ حکام نے بتایا کہ 4 سے 5 لاکھ زائرین سالانہ پاکستان سے جاتے ہیں۔ قائمہ کمیٹی نے 28 نومبر کو اگلا اجلاس ایک نکاتی ایجنڈے پر رکھنے کا فیصلہ کرلیا، کمیٹی کا ایجنڈا صرف زائرین کے مسائل ہوگا۔


































