
دوحہ: روس۔ سعودیہ اور ایران سمیت آٹھ ممالک نے مشترکہ اعلامیہ میں شام کی موجودہ صورتحال کو علاقائی اور بین الاقوامی سلامتی کے لیےخطرناک قرار دیا ہے۔
قطر کے دارالحکومت دوحہ میں قطر، سعودی عرب، اردن، مصر، عراق، ایران، ترکیہ اور روس کا مشترکہ اجلاس ہوا جس میں شام کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا کہ شام میں فوجی آپریشنز روکنے اور شہریوں کی حفاظت کے لیے سیاسی حل کی ضرورت ہے۔ آٹھ ممالک کے وزرائے خارجہ نے ایک جامع سیاسی عمل کے آغاز کی تیاری کے لیے فوجی کارروائیوں کو روکنے کا مطالبہ کیا۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے اس بات پر زور دیا کہ شام میں اسلام پسند باغی گروپ ھیت تحریر الشام ایک دہشت گرد گروہ ہے۔ انہوں نے شامی حکومت اور جائز اپوزیشن کے درمیان بات چیت پر زور دیا۔


































