
تہران : ولی امر مسلمین آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ مزاحمت کی طاقت ہر گزرتے روز خود کو مزید مضبوط ثابت کر رہی ہے۔ اراکین پارلیمنٹ سے ملاقات کے دوران ولی امر مسلمین نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت کے پیچھے امریکا جیسی طاقتور فوجی، سیاسی اور اقتصادی قوت ہے یہ طاقتور حماس سے لڑ رہے ہیں اور ابھی تک گھٹنے ٹیکنے پر مجبور نہیں کرسکے۔ آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای نے کہا کہ یہ لوگ نہتے لوگوں، بچوں، خواتین، اسکولوں اور اسپتالوں پر بم برسا کر غصہ نکال رہے ہیں۔ ظالم صیہونی حکومت کے یہ جرائم اور پُرتشدد کارروائیاں دنیا کے سامنے ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اور پارلیمنٹ کو مل کر ایک موقف اختیار کرنا چاہئے۔ پارلیمنٹ ملک میں رائے عامہ منتشر کرنے کا باعث نہیں ہونا چاہیے۔ عوام کا نفسیاتی سکون کسی بھی صورت میں ختم نہیں ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اہم مسائل پر پورے ملک سے ایک ہی موقف سامنے آنا چاہیے۔ پارلیمنٹ اور حکومت کو ایک ہی پیج پر ہونا چاہیے۔


































