
کرناٹک : بھارتی ریاست کرناٹک میں انڈین نیشنل کانگریس کے ایک رکن اسمبلی کا کہنا ہے کہ انڈیا میں جنسی زیادتی کے بڑھتے ہوئے واقعات کی وجہ حجاب کا استعمال نہ کرنا ہے۔ ایک انٹرویو میں کانگریس کے رکن اسمبلی ضمیر احمد کا کہنا تھا کہ ریپ کا تناسب سب سے زیادہ انڈیا میں ہے، جس کی وجہ پردہ نہ ہونا ہے۔ حجاب پہننا ضروری نہیں، صرف وہ خواتین جو اپنی حفاظت کرنا چاہتی ہیں اور اپنی خوبصورتی دوسروں کو نہیں دکھانا چاہتی وہ حجاب پہنتی ہیں۔ ضمیر احمد کی اپنی پارٹی کانگریس نے ان کے بیان کو متنازع قرار دیا ہے۔ کرناٹک میں کانگریس کمیٹی کے صدر شوکمار کا کہنا ہے کہ کانگریس ضمیر احمد کے بیان سے اتفاق نہیں کرتی اور انہیں اپنا بیان واپس لینے کا حکم دے دیا گیا ہے۔کانگریس کے رہنماؤں کو حجاب کے حوالے سے بیانات دینے سے روکا گیا تھا لیکن اس کے باوجود ضمیر احمد نے اس موضوع پر گفتگو کی۔


































