
اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترک صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ بہت قربت سے مل کر کام کرنے کا منتظر ہوں۔ ایک انٹرویو میں شہباز شریف نے کہا کہ رجب طیب اردوان کو ایک بار پھر زبردست کامیابی پر مبارک باد دیتا ہوں، برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنے والے 3 سال میں باہمی تجارت کو 5 ارب ڈالرز تک بڑھانے کی کوشش کریں گے، دونوں ملک یک جان 2 قلب ہیں، ترکیہ نے ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا۔ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں کی حکومت اور عوام نے ہمیشہ مشکل میں ایک دوسرے کی مدد کی۔ ترک سرمایہ کار شمسی توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں۔ ان کو پن بجلی کے منصوبوں کے لیے بھی دعوت دیتے ہیں۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان، ترکیہ اور ایران کے درمیان ریل روڈ نیٹ ورک منصوبہ اہم ثابت ہو سکتا ہے، ترکیہ کی ٹیکنالوجی اور پاکستان کی افرادی قوت دونوں ملکوں کے لیے بہترین ثابت ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں گزشتہ سال سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ لوگ بے گھر ہوئے اور فصلیں تباہ ہوئیں، تعمیراتی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا، سیلاب سے 30 ارب ڈالر کا معاشی نقصان ہوا۔


































