
لاہور : صوبائی وزیر عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ قومی، ملی اور مذہبی حوالے سے درپیش مشکلات کے بروقت حل کے لیے مذہبی جماعتوں اور قائدین کیساتھ باہمی روابط کے فروغ پر کام کیا جائے گا۔ لاہور میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی کی سربراہی میں شیعہ رہنماؤں کے وفد نے صوبائی وزیر عطاء تارڑ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں شیعہ علماء کونسل لاہور کے رہنماء قاسم علی قاسمی، سید حسن شاہ ترمذی اور محمد صغیر ورک شامل تھے۔ ملاقات میں قومی، ملی اور مذہبی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ عزاداری سیدالشہداء پر ایف آئی آرز سمیت عوام کو درپیش دیگر مسائل کے حل کیلئے گفت و شنید کی گئی۔ عطاء تارڑ نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کی حکومت پنجاب سمیت دیگر صوبوں میں بھی ان تمام مسائل کے حل کیلئے بھرپور تعاون کرے گی۔


































