
نیویارک: فلسطینیوں نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں رکن ممالک کے درمیان نشست حاصل کرلی، یہ ایک نیا حق ہے جو فلسطینی وفد کو ادارے کا مکمل رکن نہ ہونے کے باوجود دیا گیا۔ مئی میں جنرل اسمبلی کی بھاری اکثریت نے زور دے کر کہا تھا کہ فلسطینی مکمل رکنیت کے حقدار تھے لیکن اس اقدام کو امریکہ نے روک دیا تھا۔ جنرل اسمبلی نے ایک قرارداد میں وفد کو بعض نئے حقوق عطا کیے لیکن یہ اسے ووٹ دینے یا سلامتی کونسل کا رکن بننے سے بدستور خارج کیے ہوئے ہے۔ فلسطینی اپنی تجاویز اور ترامیم پیش کر سکتے ہیں اور رکن ممالک کے درمیان بیٹھ سکتے ہیں۔ اقوامِ متحدہ میں فلسطینی ایلچی ریاض منصور نے سری لنکا اور سوڈان کے درمیان ریاست فلسطین کے نشان والے میز پر اپنی جگہ سنبھالی۔ مصری سفیر اسامہ محمود عبدالخالق محمود نے کہاکہ یہ محض ایک ضابطے کا معاملہ نہیں ہے یہ ہمارے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے۔ قرارداد کی منظوری کے دوران اسرائیل نے اس اقدام کی مذمت کی۔


































