
مقبوضہ بیت المقدس: مقبوضہ مغربی کنارے میں غیر قانونی صیہونی آبادکاروں نے فلسطینی شہری کو اپنے والد کی میت قبر سے نکال کر کہیں اور دفن کرنے پر مجبور کر دیا۔ یہ انسانیت سوز واقعہ مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے جنین کے قریب عساصہ گاؤں میں پیش آیا جہاں 80 سالہ فلسطینی حسین عساصہ کی تدفین کے بعد غیرقانونی صیہونی آبادکار پہنچ گئے اور دعویٰ کیا کہ قبرستان کی زمین اسرائیلی بستی کا حصہ ہے۔ خاندان نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ گاؤں کا قبرستان ہے اور اس کا کسی بستی سے تعلق نہیں۔ موقع پر موجود اسرائیلی فوجیوں نے بھی میت دوسری جگہ منتقل کرنے کے لیے دباؤ ڈالا۔
آبادکاروں نے قبر کو بلڈوزر سے کھود ڈالا جس پر اہلِ خانہ نے میت کو نکال کر دوسرے قبرستان میں دوبارہ دفن کیا۔ اقوامِ متحدہ نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اسے نہایت انسانیت سوز اور توہین آمیز عمل قرار دیا ہے۔


































